پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی کے لیے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں خصوصی پاکستانی کھانوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان کے ذائقے اور غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں، جن میں بیف نہاری، لیمب قورمہ، بٹر چکن اور مسالے دار چنے شامل ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ خصوصی مینو پاکستانی خلا نورد کی ثقافت، کھانے کی پسند اور حلال تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ ذیشان علی 25 نومبر کو شینژو 24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور پہلے غیر ملکی خلا نورد بنے۔
100 سے زائد اقسام کے حلال کھانے تیار
چین کے خلائی ادارے کے محققین نے پاکستانی خلا نورد کے لیے خصوصی حلال فوڈ مینو تیار کیا ہے، جس میں 100 سے زائد اقسام کے کھانے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سات پاکستانی طرز کے خصوصی خلائی کھانے بھی تیار کیے گئے ہیں۔
محققین نے پاکستانی کھانوں کی روایات، حلال اجزا اور غذائیت کے معیار کا جائزہ لے کر یہ کھانے تیار کیے تاکہ خلا میں قیام کے دوران ذیشان علی کو اپنی پسند کے کھانے میسر آسکیں۔
نہاری، قورمہ اور بٹر چکن بھی مینو کا حصہ
خصوصی مینو میں پاکستانی ذائقوں کے کئی معروف کھانے شامل ہیں، جن میں بیف نہاری، لیمب قورمہ، بٹر چکن اور مسالے دار چنے نمایاں ہیں۔
چین کے محققین کے مطابق کھانوں کی تیاری میں ہلدی اور سالن میں استعمال ہونے والے مصالحوں سمیت پاکستانی ذائقوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ کھانوں کو غذائی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کے بعد کئی مرتبہ چکھا گیا اور ان کی ترکیبوں میں بہتری لائی گئی۔
پاکستانی چائے کے بجائے چینی چائے کی فرمائش
دلچسپ بات یہ ہے کہ ابتدائی مینو میں پاکستانی مصالحے والی دودھ کی چائے بھی شامل کرنے کا منصوبہ تھا، تاہم چین میں قیام کے دوران ذیشان علی کو چینی چائے اور چاول پسند آگئے۔
محققین کے مطابق خلا نورد نے چینی بلیک ٹی اور چاول زیادہ مقدار میں فراہم کرنے کی درخواست کی، جس کے بعد ان اشیا کو بھی ان کے مینو میں شامل کرلیا گیا۔
چھ خلا نوردوں کے لیے خصوصی عشائیہ
چین کے خلائی اسٹیشن پر شینژو 23 اور شینژو 24 مشنز کے مجموعی طور پر چھ خلا نورد موجود ہیں۔ دونوں مشنز کے عملے کے لیے ایک خصوصی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
اس عشائیے کا مینو چینی اور پاکستانی خلا نوردوں کی مشترکہ پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، تاکہ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے خلا نورد ایک ساتھ کھانے سے لطف اندوز ہوسکیں۔
چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا نورد کی تاریخی آمد
محمد ذیشان علی نے 25 نومبر کو چینی خلا نورد تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے خلا کا سفر کیا۔ خلائی جہاز کامیابی سے تیانگونگ اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوا اور عملہ اسٹیشن میں داخل ہوگیا۔
ذیشان علی وہاں تقریباً 5 سے 10 روز قیام کریں گے اور سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
سندھ میں غیر قانونی تعمیرات پر وزیراعلیٰ کا اظہارِ برہمی، انتظامیہ سے جواب طلب










