خودکشی کا ڈراما رچا کر غائب ہونے والا ملزم 42 دن بعد پکڑا گیا اپاکستان کے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں نمایاں اضافہ، 4 ماہ میں شرح 157 فیصد رہی آصف مرچنٹ کو امریکی عہدیدار کے قتل کی سازش کے کیس میں 330 ماہ قید خلیجی ممالک کے ہنگامی طبی منصوبے کو سعودی کابینہ نے منظور کر لیا
A bold graphic with the words "BREAKING NEWS" in red and black, conveying urgency and importance in news reporting.

پاک چین دوستی خلا تک جا پہنچی، پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی مشن کے ساتھ خلا میں پہنچ گئے

pakistani-astronaut-zeeshan-ali-space-mission

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون نے نئی تاریخ رقم کردی۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کے ذریعے کامیابی سے زمین کے مدار میں پہنچ گئے۔ اس تاریخی مشن کے ساتھ پاکستان پہلی مرتبہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں شریک ہوا ہے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق خلائی جہاز نے 25 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے اڑان بھری۔ روانگی کے تقریباً 10 منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے الگ ہوکر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔

دو چینی خلا باز بھی مشن کا حصہ

شینژو 24 مشن میں محمد ذیشان علی کے ساتھ چین کے دو خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی بھی شامل ہیں۔ تانگ ہونگبو مشن کے کمانڈر جبکہ وو یی فلائٹ انجینئر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ذیشان علی کو پے لوڈ اسپیشلسٹ مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

40 سالہ ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز

40 سالہ محمد ذیشان علی پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز اور خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
انہوں نے اس مشن کے لیے بیجنگ میں تقریباً سات ماہ خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان کی تعلیم، جسمانی تیاری اور خلائی سفر سے متعلق مختلف عملی مشقیں شامل تھیں۔
روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ذیشان علی نے کہا کہ وہ اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کا نام اپنے کندھوں پر لے کر خلا میں جا رہے ہیں۔

خلا میں 90 سے زائد سائنسی تجربات کیے جائیں گے

چینی خلائی ایجنسی کے مطابق شینژو 24 کے عملے کے ارکان اپنے مشن کے دوران 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کریں گے۔
ذیشان علی بھی اس دوران ایک ایسے تجربے میں حصہ لیں گے جس میں ضیائی تالیف کرنے والے سائنو بیکٹیریا کا مطالعہ کیا جائے گا۔ اس تحقیق کا مقصد خلا کے ماحول میں حیاتیاتی عمل کو سمجھنا ہے۔

تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام متوقع

رپورٹس کے مطابق ذیشان علی تقریباً 5 سے 10 روز تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔ مشن مکمل ہونے کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
اس دوران وہ چین کے خلا بازوں کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے علاوہ خلائی اسٹیشن کے معمول کے آپریشنز سے متعلق کاموں میں بھی تعاون کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی مبارک باد

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز کی کامیاب روانگی کو قومی فخر اور پاکستان کے نوجوانوں کے لیے تحریک قرار دیا۔ انہوں نے چین کی قیادت، سائنس دانوں اور انجینئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن دونوں ممالک کی دوستی اور تعاون کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی چین میں موجود رہتے ہوئے روانگی کی تقریب میں شرکت کی اور اسے پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں نیا باب

پاکستان اور چین کے درمیان فروری 2025 میں خلائی تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی امیدواروں کو چین میں خلا بازوں کی تربیت فراہم کی گئی۔
ابتدائی طور پر محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا، بعد ازاں ذیشان علی کو شینژو 24 مشن کے حتمی عملے میں شامل کیا گیا۔
یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی تحقیق کے پروگرام کے لیے ایک اہم آغاز ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے مشترکہ سائنسی منصوبوں کے نئے امکانات پیدا کرتی ہے۔
مزید پڑھیں
کراچی: جعلی 5 ہزار کے نوٹوں سے شہری کو دھوکا دینے کا واقعہ سامنے آگیا

:دوسروں کے ساتھ اشتراک کریں

:متعلقہ مضامین