لاہور میں داتا دربار کے قریب ترقیاتی کاموں کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لے لیا ہے۔
واقعے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل
کھلے مین ہول میں خاتون کے اپنے بچے سمیت گرنے کے رپورٹ شدہ واقعے کی مکمل، شفاف اور باریک بینی سے تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
چوبیس گھنٹوں میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی چوبیس (24) گھنٹوں کے اندر سفارشات سمیت اپنی جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی، جس میں واقعے کے ذمہ داروں کا تعین بھی شامل ہوگا۔
کمیٹی کی تشکیل اور ارکان
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اسپیشل برانچ) اور ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ سیکرٹری کمیٹی کی ذمہ داریاں بھی ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) انجام دیں گے۔
مزید ارکان شامل کرنے کا اختیار
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کمیٹی کے کنوینر کو ضرورت پڑنے پر دیگر متعلقہ افسران یا ماہرین کو بھی کمیٹی میں شامل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
غفلت پر سخت کارروائی کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ تحقیقات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی فرد یا ادارہ غفلت کا مرتکب پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں
ملک کےبالائی علاقوں میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند، خوراک و ایندھن کی قلت











