علی امین گنڈاپور کا پُر اعتماد مؤقف
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مراد سعید کی واپسی اور انہیں سینیٹ تک پہنچانا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑی فتح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی ضد تھی کہ مراد سعید کو سیاست سے باہر کر دیا جائے، لیکن ہم نے انہیں سینیٹر منتخب کرا کر ان قوتوں کو جواب دے دیا۔
خیبرپختونخوا میں بغیر خرید و فروخت کے سینیٹ انتخابات
منگل کے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مکمل طور پر شفاف رہے اور کسی قسم کی خرید و فروخت نہیں ہوئی۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ انہوں نے خود صرف تین ووٹ ڈالے، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اصل مقصد یہ تھا کہ ہم نے کرپشن سے پاک انتخابات کرائے اور اس میں کامیاب رہے۔
احتجاجی حکمتِ عملی پر غور جاری
احتجاج سے متعلق سوال پر علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ پارٹی کی سطح پر ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ احتجاج کہاں، کیسے اور کس طریقے سے ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
9 مئی کے کیسز اور آل پارٹیز کانفرنس کی تفصیل
بعد ازاں 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزاؤں پر تبصرہ کرتے ہوئے گنڈاپور نے کہا کہ ان فیصلوں سے ملک میں آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف دفن کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے 24 جولائی کو امن و امان کے مسئلے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی ہے، جس کے لیے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو دعوت نامے بھی ارسال کیے جا چکے ہیں۔
سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کا پلہ بھاری
یاد رہے کہ حالیہ سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف نے 6 جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستیں حاصل کیں۔ 7 جنرل نشستوں میں سے پی ٹی آئی نے 4 پر کامیابی حاصل کی، جن میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری شامل ہیں۔
مزید پڑھیں