نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے کی تصدیق کر دی۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران اہم پیش رفت
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران دونوں ملکوں کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ اس بات کی تصدیق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
ترک میڈیا کو انٹرویو
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ ناقابلِ معافی ہے، اور بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگی اقدام کیا ہے، اس لیے پاکستان مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
او آئی سی کو بھی اعتماد میں لیا
اس سے قبل نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہٰ سے بھی رابطہ کیا اور بھارت کی حالیہ جارحیت سے آگاہ کیا۔
بھارتی حملے کی تفصیل
یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو مساجد شہید ہوئیں، دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
پاکستان کا بھرپور جواب
بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان نے موثر جواب دیا۔ پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 طیارہ اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا گیا۔
مزید پڑھیں
ڈنگہ، گجرات میں کھیتوں پر مشتبہ ڈرون گرنے کی اطلاع