سرد موسم اور جوڑوں کی تکلیف
سردیوں کا موسم جہاں خوشگوار احساس لاتا ہے۔ وہیں بہت سے افراد کے لیے جوڑوں کے درد، اکڑاؤ اور کمزوری کا باعث بھی بن جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سرد موسم خاص طور پر گٹھیا، لوپس اور فائبرومائیلجیا کے مریضوں کے لیے زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ ٹھنڈ جوڑوں کو سخت کر دیتی ہے اور درد میں اضافہ کرتی ہے۔
طبی تحقیق کیا کہتی ہے؟
طبی رپورٹس اور ہارورڈ ہیلتھ کے مطابق سردیوں میں ہوا کے دباؤ میں تبدیلی اور خون کی روانی میں کمی جوڑوں کے درد کو بڑھا دیتی ہے۔ اس تبدیلی سے پٹھوں، نسوں اور اردگرد کے ٹشوز میں سوجن پیدا ہوتی ہے۔ جس کے نتیجے میں اکڑاؤ اور تکلیف میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگرچہ اس کی مکمل وجہ واضح نہیں، مگر ماہرین تسلیم کرتے ہیں۔ کہ موسم سے جڑا جوڑوں کا درد ایک حقیقی طبی مسئلہ ہے۔
سردی جوڑوں کو کیسے متاثر کرتی ہے؟
سرد موسم میں خون کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں۔ جس سے پٹھوں اور جوڑوں تک خون کی روانی کم ہوجاتی ہے۔ نتیجتاً جوڑوں کی لچک گھٹ جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے۔ کہ سردی میں جسمانی سرگرمی بھی کم ہوجاتی ہے۔ جس سے پٹھے کمزور اور کارٹلیج متاثر ہوتی ہے، اور جوڑوں کی عمر بڑھنے کے عمل میں تیزی آجاتی ہے۔ عمر رسیدہ افراد، ذیابیطس اور تھائیرائیڈ کے مریض اس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
سردیوں میں جوڑوں کے درد سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
چند سادہ عادات اپنا کر سردیوں میں جوڑوں کے درد سے کافی حد تک بچا جا سکتا ہے۔
حرکت سے پہلے جوڑوں کو گرم کریں
گرم پانی کی پٹّی یا نیم گرم شاور اکڑاؤ کم کرتا ہے۔ جبکہ ہلکی اسٹریچنگ فائدہ دیتی ہے۔
گھر کے اندر بھی متحرک رہیں
اگر باہر جانا مشکل ہو تو گھر میں چہل قدمی، یوگا اور ہلکی ورزشیں مفید ہیں۔
متوازن غذا کا استعمال کریں
اومیگا تھری سے بھرپور غذائیں، مچھلی، اخروٹ اور السی سوزش کم کرتی ہیں۔ وٹامن ڈی اور مناسب پانی بھی اہم ہیں۔
جوڑوں کو ٹھنڈ سے محفوظ رکھیں
گرم کپڑے پہنیں اور گھٹنوں، کلائیوں اور کہنیوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ ہیٹنگ پیڈ بھی مددگار ہیں۔
درست نشست اختیار کریں
غلط پوسچر جوڑوں پر دباؤ ڈالتا ہے۔ اس لیے سیدھا بیٹھنے کی عادت اپنائیں۔
جسم کے اشاروں کو سنیں
غیر معمولی سوجن یا درد میں ڈاکٹر سے رجوع کریں اور خود علاجی سے پرہیز کریں۔ماہرین کے مطابق تھوڑی سی احتیاط، جسمانی سرگرمی اور مناسب دیکھ بھال سے سردیوں میں بھی جوڑوں کی صحت برقرار رکھی جا سکتی ہے اور زندگی نسبتاً آرام دہ رہتی ہے۔
مزید پڑھیں
کونسی مشہور ڈیوائسز کی اپ ڈیٹس 2025 میں بند ہو گئی؟ وجوہات کیا ہیں؟











