دریائے راوی میں اونچے درجے کا سیلاب
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں دریائے راوی کے پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے باعث اونچے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا ہے۔ شاہدرہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 45 ہزار 160 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ حکام کے مطابق صبح 9 سے 10 بجے کے درمیان یہ بہاؤ ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ فی الحال صورت حال قابو میں ہے لیکن تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
دیگر مقامات پر سیلاب کی صورتحال
جسڑ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں کچھ کمی واقع ہوئی اور یہ ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک پر آ گیا ہے۔ تاہم دریائے چناب میں غیر معمولی صورتحال برقرار ہے۔ ہیڈ خانکی پر پانی کا بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 9 لاکھ 5 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، جب کہ ہیڈ قادر آباد پر یہ بہاؤ 10 لاکھ 45 ہزار 601 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے ستلج اور ہیڈ مرالہ پر غیر معمولی صورتحال
دریائے ستلج پر گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے بڑھ گیا ہے، جہاں غیر معمولی سیلاب جاری ہے۔ ہیڈ مرالہ پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا ہے اور پانی کی سطح 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک تک جا پہنچی ہے۔
پنجاب میں تباہی اور جانی نقصان
پنجاب بھر میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 لاپتہ ہوگئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں گجرات کے 3، سیالکوٹ کے 2 اور نارووال و گوجرانوالہ کے 2 افراد شامل ہیں۔ فصلیں زیر آب آ چکی ہیں، بستیاں ڈوب گئی ہیں اور متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
مزید پڑھیں