امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو مواخذے کی کارروائی سے وقتی طور پر بچنے کے باوجود ایک اور ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں واقع نامعلوم فوجی کی قبر کے دورے کے دوران ان کے ہمراہ موجود وفد کو فوجی گارڈ نے خاموشی اور احترام برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سرزنش کردی۔
یہ واقعہ 11 نومبر کو امریکا کے یومِ سابق فوجیوں (Veterans Day) کے موقع پر پیش آیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیٹ ہیگستھ اور ان کے وفد کے طرزِ عمل پر بحث شروع ہوگئی۔
آرلنگٹن قبرستان میں کیا ہوا؟
الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق پیٹ ہیگستھ اپنے عملے کے ارکان کے ہمراہ آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں نامعلوم فوجی کی قبر پر پہنچے تھے۔
اس موقع پر وفد کے ارکان گروپ تصاویر بنوانے کے دوران ہنستے اور گفتگو کرتے دکھائی دیے۔ اسی دوران وہاں تعینات امریکی فوج کے ایک اہلکار نے انہیں بلند آواز میں خاموشی اور احترام برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
فوجی گارڈ نے واضح کیا کہ یادگار پر آنے والے تمام افراد کو ہر وقت خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھنا چاہیے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اس جانب مبذول ہوگئی۔ ویڈیو میں فوجی گارڈ کو وفد کے ارکان کو تنبیہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا جب امریکا میں یومِ سابق فوجیوں کے حوالے سے فوجی خدمات انجام دینے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا تھا۔ نامعلوم فوجی کی قبر امریکی فوجیوں کی قربانیوں کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
پینٹاگون کا ردعمل بھی سامنے آگیا
واقعے کے بعد پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوجی گارڈ نے درست ردعمل دیا۔
ترجمان کے مطابق وزیر دفاع اور محکمہ جنگ امریکی فوجیوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ ان کی خدمات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
مواخذے کی کوشش سے بھی بال بال بچے تھے
پیٹ ہیگستھ کو یہ صورتحال ایسے وقت پیش آئی ہے جب ایک روز قبل امریکی ایوانِ نمائندگان میں ان کے مواخذے کی کوشش کو روک دیا گیا تھا۔
10 نومبر کو ایوان نے مواخذے کی آٹھ دفعات کو عدلیہ کی کمیٹی کے حوالے کرنے کے حق میں 211 اور مخالفت میں 204 ووٹ دیے تھے۔ اس طریقہ کار کے نتیجے میں فوری مواخذے کی کارروائی رک گئی، تاہم الزامات پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ایران جنگ اور دیگر فوجی کارروائیاں بھی تنقید کی زد میں
ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ مواخذے کی قرارداد میں ایران اور یمن میں فوجی کارروائیوں، مشتبہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث کشتیوں پر حملوں اور وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق اقدامات پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔
ہیگستھ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فوجی کارروائیاں قانونی تھیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کے مطابق انجام دی گئیں۔
ڈیموکریٹس کی جانب سے مزید تحقیقات کا امکان
امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ڈیموکریٹس جنوری 2027 میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ڈیموکریٹک رہنماؤں نے پیٹ ہیگستھ کے اقدامات پر مزید نظرثانی اور تحقیقات کا عندیہ دیا ہے۔
اس صورتحال میں وزیر دفاع کو نہ صرف فوجی پالیسیوں پر سیاسی تنقید بلکہ اپنے دوروں اور عوامی سرگرمیوں کے دوران پیش آنے والے واقعات پر بھی وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں
مزید پڑھیں





