انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، پاک-انڈونیشیا تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک نے تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
سیاسی اور پارلیمانی تعاون
صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے سیاسی رابطے بڑھانے، اعلیٰ سطحی مذاکرات اور پارلیمانی تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔
اقتصادی اور تجارتی تعلقات
پاک-انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت 4 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ دونوں ممالک نے تجارتی شراکت داری بڑھانے، ترجیحی تجارتی معاہدے کو جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے میں تبدیل کرنے اور غیر ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا۔ مزید برآں، آئی ٹی، سائبر سکیورٹی، فِن ٹیک، حلال فوڈ انڈسٹری اور اسلامی فنانس میں مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
دفاعی تعاون
دونوں ممالک نے دفاعی صنعت میں اشتراک، تربیتی پروگرامز اور فوجی اداروں کے درمیان تربیتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کو جاری رکھنے کا بھی عزم کیا گیا۔
صحت، تعلیم اور ماحولیاتی تعاون
صحت کے شعبے میں ویکسین، میڈیکل ٹیکنالوجی اور ایمرجنسی تیاریوں پر بات چیت ہوئی۔ خواتین اور بچوں کی صحت میں تعاون بڑھانے، تعلیمی روابط اور طلبہ تبادلے کے پروگرامز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ماحولیاتی تبدیلی، ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور سیاحت میں مشترکہ اقدامات بھی شامل ہیں۔
عالمی اور علاقائی مسائل پر موقف
پاکستان نے انڈونیشیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ دونوں ممالک نے جنوبی ایشیا میں امن، فلسطین میں انسانی صورتحال اور دو ریاستی حل کے اصول پر اتفاق کیا۔
معاہدات اور یادداشت مفاہمت پر دستخط
دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، حلال خوراک کی تصدیق، صحت، آرکائیوز، منشیات کی روک تھام اور لائبریری تعاون سمیت ۸ معاہدوں اور یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے۔
مزید پڑھیں
کراچی ایئرپورٹ پر نیولوں کی آمدورفت،مسافروں اور عملے میں خوف











