ڈیزائن کے لیے کابینہ کمیٹی قائم
حکومت نے ملک میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں نئے بینک نوٹوں کے ڈیزائن پر غور کے لیے باقاعدہ کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن
کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید اور عصری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی سطح کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ ڈیزائن عالمی معیار کے مطابق ہو۔
کن مالیت کے نوٹ متعارف ہوں گے
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سو روپے پانچ سو روپے ایک ہزار روپے پانچ ہزار روپے کے نئے ڈیزائن کے بینک نوٹ متعارف کروائے جائیں گے۔
سکیورٹی خصوصیات میں بہتری
نئے کرنسی نوٹوں میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور جدید سکیورٹی تھریڈ استعمال کیا جائے گا تاکہ جعل سازی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے اور نوٹوں کی سکیورٹی میں اضافہ ہو۔
پاکستان کی شناخت کو اجاگر کیا جائے گا
کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ نئے ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی تنوع کو نمایاں کیا جائے گا، جبکہ ملکی تاریخ کی اہم یادگاروں کو بھی کرنسی نوٹوں کا حصہ بنایا جائے گا۔
خواتین اور ماحولیاتی موضوعات شامل
نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں خواتین کے قومی ترقی میں کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم سماجی موضوعات کو بھی ڈیزائن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
زرداری، نواز شریف اور عمران خان کے ناموں والی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا اعلان











