لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں خودکشی کی کوشش کرنے والی 21 سالہ ڈی فارمیسی کی طالبہ کی صحت میں نمایاں بہتری آ گئی ہے اور وہ ہوش میں آ چکی ہیں۔ طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی۔ جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق طالبہ نے دو روز قبل نجی یونیورسٹی کی تیسری منزل سے کود کر خودکشی کی کوشش کی۔ واقعے کے فوراً بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے طالبہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹروں کا مؤقف
لاہور جنرل ہسپتال کے چیئرمین میڈیکل بورڈ پروفیسر جودت سلیم کے مطابق طالبہ کی حالت میں واضح بہتری آئی ہے اور انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے۔ کہ طالبہ اب خود سانس لے رہی ہیں۔ آکسیجن سپورٹ جاری ہے۔ جبکہ ہیمو ڈائنامکس بھی مستحکم ہیں۔
طالبہ ہوش میں، اہل خانہ سے بات چیت
میڈیکل ٹیم کے مطابق طالبہ مکمل ہوش میں آ چکی ہیں۔ ان کا جی سی ایس لیول 14/15 ریکارڈ کیا گیا ہے اور وہ اپنے اہل خانہ سے بات چیت بھی کر رہی ہیں۔ نیورو سرجیکل ٹیم ریڑھ کی ہڈی سے متعلق ممکنہ سرجری پر غور کر رہی ہے۔ جس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
تحقیقات کا آغاز
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بھی واقعے کے محرکات جاننے کے لیے انکوائری کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
نیا سال مہنگائی کے ساتھ شروع، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ











