وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی پنشن حاصل کرنے کیلئے قانون میں مقررہ شرائط پوری کرنا لازمی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ عمومی طور پر پنشن کیلئے کم از کم 15 سال کی بیمہ شدہ ملازمت اور شراکت درکار ہے، جبکہ قانونی اہلیت پوری نہ کرنے والے شخص کو محض ہمدردی کی بنیاد پر پنشن دینے کا حکم نہیں دیا جاسکتا۔ یہ فیصلہ سابق بینک ملازم جاوید اقبال بھٹی کے کیس میں سنایا گیا۔
وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کرتے ہوئے پنشن سے متعلق سابقہ احکامات کالعدم قرار دے دیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ پنشن کی منظوری کیلئے متعلقہ قانون میں درج شرائط پر عمل ضروری ہے اور کوئی ادارہ قانونی تقاضوں کو نظرانداز کرکے پنشن جاری کرنے کا حکم نہیں دے سکتا۔
پنشن کیلئے 15 سال کی شراکت کیوں ضروری ہے؟
عدالت کے مطابق ای او بی آئی قانون کے تحت ماہانہ بڑھاپے کی پنشن کیلئے عمومی طور پر کم از کم 15 سال کی بیمہ شدہ ملازمت کی شرط مقرر ہے۔ فیصلے میں واضح کیا گیا کہ یکم جولائی 2008 یا اس کے بعد بیمہ شدہ ہونے والے ملازمین پر پانچ سال کی خصوصی رعایت لاگو نہیں ہوتی۔ اس لیے پنشن کے ہر دعوے کا جائزہ متعلقہ قانونی شرائط کے مطابق لیا جائے گا۔
سابق بینک ملازم کی پنشن کا معاملہ
یہ کیس سابق بینک ملازم جاوید اقبال بھٹی سے متعلق تھا، جن کی بیمہ شدہ ملازمت کا دورانیہ پانچ سال، دس ماہ اور آٹھ دن تھا۔ انہیں 2015 میں 48 ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ دی گئی تھی، تاہم بعد میں وفاقی محتسب نے انہیں پنشن دینے کا حکم دیا تھا۔ ای او بی آئی نے اس فیصلے کو چیلنج کیا، جس پر معاملہ وفاقی آئینی عدالت تک پہنچا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ اور دیگر احکامات کالعدم
وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے اور وفاقی محتسب و صدر پاکستان کے متعلقہ احکامات کو کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذاتِ خود بدانتظامی نہیں۔ بدانتظامی ثابت کرنے کیلئے من مانی، امتیازی سلوک، غفلت یا بلاجواز تاخیر جیسے عوامل کا ہونا ضروری ہے۔
ای او بی آئی پنشن کے درخواست گزاروں کیلئے اہم وضاحت
عدالت نے قرار دیا کہ پنشن کی اہلیت، رقم اور مدت کا تعین متعلقہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ اگر کسی درخواست گزار کی پنشن مسترد ہو تو وہ قانون میں موجود نظرثانی اور اپیل کے طریقہ کار سے رجوع کرسکتا ہے۔ یہ فیصلہ ای او بی آئی پنشن کے درخواست گزاروں کیلئے اہم ہے، کیونکہ اس میں قانونی اہلیت اور پنشن کے دعووں پر فیصلے کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے 4 اجازت نامے 33 کروڑ 53 لاکھ روپے میں فروخت










