راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر کی تیار کردہ طبی رپورٹ پر ان کے تحفظات ہیں اور یہ درست نہیں کہی جا سکتی۔ ان کے مطابق محسن نقوی عمران خان کو الشفاء اسپتال منتقل کرنے کی ضمانت دے رہے ہیں۔
الشفاء منتقلی کی تجویز اور کانفرنس کال
علیمہ خان کے مطابق خاندان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو الشفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے کیونکہ ان کا مکمل طبی ریکارڈ وہاں کے ڈاکٹروں کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ایاز صادق نے تجویز دی کہ دو ڈاکٹرز جیل بھیجے جائیں، بعد میں محسن نقوی کے ساتھ کانفرنس کال ہوئی جس میں الشفاء منتقلی کی یقین دہانی کرائی گئی۔
طبی رپورٹ پر اعتراضات
علیمہ خان نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر کی رپورٹ درست نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں کیوں رکھا گیا۔ عظمیٰ خان نے بھی کہا کہ رپورٹ میں بیماری کا نام واضح نہیں، اور جب تک اصل وجہ سامنے نہیں آئے گی، علاج مؤثر انداز میں شروع نہیں ہو سکتا۔
خاندان کا مطالبہ
عمران خان کی بہنوں نے کہا کہ مکمل طبی معائنہ فیملی اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک عمران خان اسپتال منتقل نہیں ہوتے اور ذاتی ڈاکٹر تفصیلی آگاہی نہیں دیتے، وہ کسی بھی سرکاری بیان پر یقین نہیں کریں گی۔
مزید پڑھیں
ایران جلد ایسے میزائل بنالے گا جو امریکا تک پہنچیں گے، ٹرمپ











