امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی پر آئیووا میں عوامی اجتماع سے خطاب میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا میں پانچ بڑی جنگیں رکوا کر عالمی امن کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ نوبل امن انعام کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔
عالمی جنگیں جنہیں ٹرمپ نے روکا
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کوششوں سے: پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکا گیا. کانگو اور روانڈا کے درمیان دہائیوں پر محیط خانہ جنگی کا خاتمہ ہوا. کوسووو اور سربیا کے مابین تنازع کو ختم کرایا گیا. انہوں نے نوبل انعام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک اسکول کے پروفیسر کو نوبل کیوں ملتا ہے جسے کوئی جانتا ہی نہیں؟
داخلی پالیسیوں پر مؤقف
صدر ٹرمپ نے امریکی کسانوں کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی مدد کے لیے تیار ہیں، خاص طور پر ان کسانوں کی جو موسمی مہاجر مزدوروں پر انحصار کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر یہ کسان ان مزدوروں کی ضمانت دیں تو انہیں ملک میں رہنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف اقدامات
ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیپورٹیشن پلان شروع کیا ہے، جس کے تحت لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا جائے گا۔ انہوں نے بائیڈن حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں غیر قانونی امیگریشن میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
امریکی فوج اور معیشت پر اعتماد
صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو دنیا کی بہترین فوج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس وہ ٹیکنالوجی اور طاقت ہے جو دنیا میں کسی کے پاس نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی طیاروں نے 37 گھنٹے تک مسلسل پرواز کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے بگ بیوٹی فل ایکٹ کو امریکی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیا اور وعدہ کیا کہ وہ اگلے چار سال میں ملک کو مزید خوشحال بنائیں گے۔
مزید پڑھیں
خیبرپختونخوا کی سیاست: عمران خان کے ایک فیصلے سے سب کچھ بدل سکتا ہے