خیبرپختونخوا میں غیر مستند طبی پریکٹس کرنے والے افراد اور اتائیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے کے مختلف اضلاع میں صرف چار روز کے دوران 105 طبی مراکز سیل کر دیے، جبکہ مزید 70 مراکز کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
ہیلتھ کیئر کمیشن کے ترجمان عزم رحمان کے مطابق اس مہم کے دوران مجموعی طور پر 394 معائنے کیے گئے۔ کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی طبی سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کو غیر مستند علاج سے محفوظ رکھنا ہے۔
13 اضلاع میں 394 طبی مراکز کا معائنہ
ترجمان کے مطابق چار روزہ کارروائیوں کے دوران پشاور، سوات، صوابی، ملاکنڈ، مانسہرہ، کوہاٹ، کرک، ہری پور، چارسدہ، بونیر، ایبٹ آباد، بنوں، اپر دیر اور لوئر دیر میں طبی مراکز کا معائنہ کیا گیا۔
ان معائنوں کے دوران مختلف خلاف ورزیاں سامنے آنے پر 105 طبی مراکز کو سیل کیا گیا، جبکہ 70 مراکز کو حکمِ جواز جاری کرتے ہوئے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ کے تحت کارروائیاں
ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2015 اور اینٹی کویکری ریگولیشنز 2022 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔
کمیشن صوبے میں سرکاری اور نجی طبی مراکز کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور طبی خدمات کے معیار کی نگرانی کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس کا بنیادی مقصد غیر مستند طبی پریکٹس اور صحت کے شعبے میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی روک تھام ہے۔
اتائیوں کے خلاف قانون میں کیا سزا ہے؟
خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق اتائیوں کے خلاف کارروائی قابلِ سزا جرم کے تحت کی جا سکتی ہے۔ سرکاری ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق کویکری میں ملوث افراد کو چھ ماہ تک قید یا 10 لاکھ روپے تک جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
شہری غیر مستند علاج سے محتاط رہیں
طبی ماہرین کے مطابق علاج معالجے کے لیے مستند ڈاکٹر اور رجسٹرڈ طبی مرکز کا انتخاب انتہائی ضروری ہے۔ غیر تربیت یافتہ افراد سے علاج کروانے کی صورت میں غلط تشخیص، غیر ضروری ادویات اور صحت کی سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کی کارروائیاں صوبے میں طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور مریضوں کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھیں
عامر خان نے ممبئی میں 38 لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر 3 لگژری اپارٹمنٹس لے لیے










