جنوبی کوریا میں طلبہ کو یونیورسٹی کے داخلہ امتحانات کے دوران پُرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں طیاروں کی پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ یہ اقدام خاص طور پر انگریزی زبان کے سماعت پر مبنی امتحان کے دوران شور سے بچنے کے لیے کیا گیا۔
جنوبی کوریا میں 19 نومبر کو ہونے والے سالانہ یونیورسٹی داخلہ امتحان کے موقع پر حکومت نے معمولاتِ زندگی میں بھی تبدیلیاں کیں تاکہ لاکھوں طلبہ بغیر کسی خلل کے امتحان دے سکیں۔
35 منٹ تک پروازوں کی آمد و رفت معطل
جنوبی کوریا کی وزارتِ اراضی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے مطابق 19 نومبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 5 منٹ سے 1 بج کر 40 منٹ تک ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی ٹیک آف اور لینڈنگ روک دی گئی۔
اس پابندی کا مقصد انگریزی کے سماعت پر مبنی امتحان کے دوران فضائی شور کو کم سے کم رکھنا تھا۔ امتحان کا یہ حصہ دوپہر 1 بج کر 10 منٹ سے 1 بج کر 35 منٹ تک جاری رہا۔
130 ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول متاثر
پروازوں کی عارضی معطلی کے باعث مجموعی طور پر 130 پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی، جن میں 81 بین الاقوامی اور 49 ملکی پروازیں شامل تھیں۔
اس دوران فضا میں موجود طیاروں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ فضائی ٹریفک کنٹرول حکام کی نگرانی میں زمین سے کم از کم تین کلومیٹر کی بلندی پر رہیں۔ ہنگامی اور فوری نوعیت کی پروازوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل تھا۔
ڈرون اور فوجی سرگرمیوں پر بھی پابندیاں
امتحان کے دوران ہیلی کاپٹرز، چھوٹے طیاروں اور ڈرونز کی سرگرمیوں پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔ اسی طرح امتحانی مراکز کے قریب توپ خانے کی فائرنگ اور ٹینکوں کی نقل و حرکت جیسی فوجی سرگرمیاں بھی روک دی گئیں تاکہ طلبہ کو شور سے محفوظ رکھا جا سکے۔
امتحان کے لیے معمولاتِ زندگی میں تبدیلیاں
جنوبی کوریا میں یونیورسٹی داخلہ امتحان کو طلبہ کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے امتحان کے دن سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو معمول سے دیر سے کام پر آنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ سیول میں طلبہ کی سہولت کے لیے میٹرو ٹرینوں کی اضافی سروسز بھی چلائی گئیں۔
اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کو ایسے طلبہ کی مدد کے لیے تعینات کیا گیا جو ٹریفک یا کسی دوسری وجہ سے امتحانی مرکز پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہو سکتے تھے۔ اسٹاک مارکیٹ کے کاروباری اوقات بھی ایک گھنٹہ مؤخر کیے گئے۔
ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد امیدواروں نے امتحان دیا
رپورٹس کے مطابق رواں سال جنوبی کوریا کے سالانہ یونیورسٹی داخلہ امتحان کے لیے 551,864 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی۔ امتحان ملک بھر کے 1,312 مراکز میں منعقد ہوا۔
حکومت کی جانب سے کیے گئے غیر معمولی انتظامات کا بنیادی مقصد امیدواروں کو ایسا ماحول فراہم کرنا تھا جس میں وہ بغیر کسی بیرونی شور یا رکاوٹ کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔
مزید پڑھیں
صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں کن امور پر بات ہوئی؟ حامد میر نے بتا دیا









