کولمبو
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے شکست کی وجہ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کو قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث میچ ہاتھ سے نکل گیا اور بلے باز صورتِ حال کے مطابق کھیل پیش نہیں کر سکے۔
بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ابتدائی وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھا، کپتان
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا رنز کے تعاقب کے آغاز میں جلد وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا۔ اگر ابتدائی اوورز میں 3 یا 4 وکٹیں گر جائیں تو میچ مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم چار اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتری تھی لیکن آج ان کا دن اچھا نہیں تھا۔ ان کے مطابق بیٹنگ میں بھی ٹیم اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہی۔
بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں کمی رہی
کپتان نے مزید کہا کہ دوسری اننگز میں پچ بہتر ہو گئی تھی، مگر ٹیم نے صورتِ حال کے مطابق بولنگ نہیں کی اور بیٹنگ میں بھی درست حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت جیسے روایتی حریف کے خلاف اعصاب شکن مقابلوں میں دباؤ کو سنبھالنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔
سپر آٹھ مرحلے تک رسائی کے لیے لازمی فتح
سلمان علی آغا نے کہا کہ اب پوری توجہ بدھ کو نمیبیا کے خلاف ہونے والے اہم گروپ میچ پر مرکوز ہے۔ پاکستان کو سپر آٹھ مرحلے میں رسائی کے لیے اپنا آخری گروپ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ایسے میچوں میں جذبات عروج پر ہوتے ہیں، ہمیں دباؤ کو قابو میں رکھنا ہوگا۔ ہمیں اگلا میچ جیت کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے، اس کے بعد نیا مقابلہ شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ اگر نمیبیا نے حیران کن کامیابی حاصل کر لی تو پاکستان سپر آٹھ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
بابر، شاہین اور شاداب کو باہر بٹھاؤ، نئے کھلاڑیوں کو موقع دو: آفریدی بھارت سے شکست پر برہم










