گل پلازہ سانحے کے بعد کارروائی
گل پلازہ میں پیش آنے والی ہولناک آتشزدگی کے بعد اس سے متصل عمارتوں کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آگ کے اثرات کے باعث گل پلازہ کے قریب واقع عمارت رمپہ پلازہ کے ستون بھی متاثر ہوئے ہیں۔
رمپا پلازہ غیر محفوظ قرار
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے تکنیکی جانچ کے بعد رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ حکام کے مطابق گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آتشزدگی کے باعث رمپا پلازہ کے اسٹرکچرل ستون بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جو کسی بھی وقت خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انتظامیہ کو نوٹس
ایس بی سی اے کی جانب سے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عمارت کے خطرناک حصے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
غیر قانونی سرگرمیوں پر سخت کارروائی
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رمپا پلازہ میں کسی بھی غیر اجازت شدہ سرگرمی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
ہلاکتیں اور لاپتا افراد
واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 81 افراد لاپتا بتائے جا رہے تھے، جن میں سے اب تک 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
مزید پڑھیں
غزہ میں موسم اور بحران کا دوہرا عذاب،7 ماہ کی شیر خوار بچی جاں بحق











