پنجاب میں صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ستھرا پنجاب اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی بل 2025 منظور کر لیا ہے۔
بااختیار کارپوریٹ ادارہ
بل کے مطابق ستھرا پنجاب اتھارٹی ایک بااختیار کارپوریٹ ادارہ ہوگی، جس کی چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب جبکہ وزیربلدیات وائس چیئرمین ہوں گے۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز اتھارٹی کے ممبران ہوں گے۔
ویسٹ مینجمنٹ پالیسی
اتھارٹی ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق پالیسی سازی، قوانین، معیار مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ لینڈفل سائٹس کی تعمیر کی بھی ذمہ دار ہوگی۔ صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مرکزی سطح پر نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کے اختیارات
ڈپٹی کمشنر ستھرا پنجاب ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لائسنسنگ، رجسٹریشن اور فیس وصولی کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ ویسٹ مینجمنٹ انسپکٹرز کی تقرری اور دیہی علاقوں میں صفائی و حفظانِ صحت کی بہتری بھی انہی کی ذمہ داری ہوگی۔
فیس اور قانونی اختیار
بل کے تحت ستھرا پنجاب اتھارٹی اپنی خدمات کے عوض فیس مقرر کر سکے گی، جبکہ اتھارٹی کے فیصلوں کو براہِ راست عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں
امریکی تاریخ کا یادگار دن، مسلم خاتون غزالہ ہاشمی نائب گورنر مقرر











