کراچی
گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فائر فائٹر فرقان کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ان کے ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔
اہلِ خانہ سے تعزیت
میئر کراچی شہید فائر فائٹر فرقان کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فرقان نے بہادری، دلیری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بیوہ کو ملازمت، بچوں کی تعلیم
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی، جبکہ ان کے بچے کے تمام تعلیمی اخراجات بھی ادارہ خود برداشت کرے گا۔
فائر اسٹیشن شہید کے نام
میئر کراچی کے مطابق ناظم آباد فائر اسٹیشن کو شہید فائر فائٹر فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام مالی فوائد اور تنخواہیں باقاعدگی سے شہید کی بیوہ کو ادا کی جاتی رہیں گی۔
بلدیہ کا مکمل ساتھ
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے بہادر فائر فائٹرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی سید محمد افضل زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں
ہولناک آگ کے دوران حیران کن منظر، گل پلازہ مسجد کے قرآن پاک محفوظ











