ٹرانسپورٹرز ہڑتال پر آئی جی پنجاب کا سخت پیغام
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی کال پر واضح اور سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنا حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی فرد یا تنظیم نہیں۔
بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر وارننگ
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ مہذب معاشروں میں ہڑتال کی بجائے قانون پر عملدرآمد کو ترجیح دی جاتی ہے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانا درحقیقت “لائسنس ٹو کل” ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک میں قابل قبول نہیں۔
ہڑتال پر سخت مؤقف
انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وقتی مہلت دی جا رہی ہے، تاہم اگر گاڑیاں جان بوجھ کر بند رکھی گئیں تو سڑکوں پر گاڑی لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔
بچوں کی جانوں کا تحفظ
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہڑتال کا مطلب یہ نہیں کہ اسکول وینیں الٹتی رہیں اور بچے مرتے رہیں۔ اسکول جانے والے بچوں کی زندگیوں پر کسی قسم کا دباؤ یا بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی۔
زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ قانون پر عمل درآمد کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا اعلان
بھاری جرمانوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے آج لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے ٹریفک آرڈیننس 2025 فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹریفک آرڈیننس 2025 پر اعتراضات
ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹریفک آرڈیننس 2025 عوامی مشاورت کے بغیر نافذ کیا گیا، اور اس کے ذریعے بھاری جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں جو ان کے بقول ٹرانسپورٹر برادری کے ساتھ ناانصافی ہے۔
مزید پڑھیں
سموگ کی شدت، لاہور عالمی آلوده شہروں میں سرِفہرست











