مسجد نمرہ میں زائرین کی سہولت کے لیے جامع انتظامات
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے میدان عرفات میں واقع مقدس مسجد نمرہ میں حج 2025 کے موقع پر حجاج کرام کے استقبال اور سہولت کے لیے بھرپور انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ مسجد کے 125,000 مربع میٹر رقبے پر اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں تاکہ زائرین کو آرام دہ اور صاف ستھرا ماحول میسر آئے۔
جدید ٹیکنالوجی سے لیس حفاظتی اور سہولتی انتظامات
مسجد کے صحن میں 19 جدید سائبان نصب کیے گئے ہیں جو گرمی کی شدت کو کم کرتے ہوئے درجہ حرارت میں اوسطاً 10 ڈگری کمی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ فرش پر سورج کی تپش کو منعکس کرنے والا رنگ بھی لگایا گیا ہے، جس سے گرمی کا اثر مزید کم کیا جا سکے۔
بیرونی صحن میں 117 فوگ فینز نصب کیے گئے ہیں جو درجہ حرارت کو تقریباً 9 ڈگری کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مسجد کے اندر تازہ ہوا کے گزرنے اور ائیر کنڈیشنگ کا نظام جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، جس میں ایک نیا کنٹرول سسٹم بھی شامل ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کی سطح کو مانیٹر کرکے ائیر پیوریفائرز کو چلاتا ہے۔
پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات
حجاج کرام کے لیے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لیے 70 جدید کولرز نصب کیے گئے ہیں، جو ہر ایک گھنٹے میں دو ہزار افراد کو ٹھنڈا پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس سے حجاج کو گرمی کے باعث پیش آنے والی مشکلات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ مسجد نمرہ کو جدید صوتی نظام اور سکیورٹی کیمروں سے بھی لیس کیا گیا ہے تاکہ زائرین کی حفاظت اور ان کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اہم دن اور نمازوں کا شیڈول
عازمین حج 2025 آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔ 9 ذوالحجہ کو حجاج کرام میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں وہ حج کے رکن اعظم، وقوف عرفات کے لیے جمع ہوں گے۔ وقوف کے دوران، حجاج خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔ یہ وقوف سورج غروب ہونے تک جاری رہے گا، جو حج کا سب سے اہم رکن سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان: غزہ جنگ بندی کی مخالفت انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے