خوشخبری:
محکمہ موسمیات نے اسموگ سے ستائے ہوئے عوام کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ظاہر کی ہے۔
خشک موسم اور پہاڑی علاقوں میں سردی
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقے سرد رہیں گے۔ گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں ابر آلود موسم کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
سموگ اور دھند کی صورتحال
خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے بیشتر حصوں میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی سموگ اور دھند کی صورتحال برقرار رہے گی۔
بلوچستان اور سندھ میں موسم کی تبدیلی
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں خشک موسم رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر حصوں میں بھی موسم خشک رہے گا، مگر سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور خیرپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھا سکتی ہے۔
پنجاب میں سموگ اور دھند کی پیشگوئی
پنجاب کے مختلف اضلاع، جیسے لاہور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، اور فیصل آباد میں سموگ کی شدت برقرار رہے گی۔ ان علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید دھند کا سامنا ہو سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، بٹگرام اور کوہستان میں شام یا رات کے دوران بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
پشاور کی ایئر کوالٹی
پشاور میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں کمی آئی ہے۔ آج صبح 8 بجے 192 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، لیکن ماہرین کے مطابق اے کیو آئی 50 سے اوپر صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس موسم کے بارے میں بڑی پیشگوئی کی ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔