اہم کارروائی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر نسیم شاہ پر متنازع ٹوئٹ کے معاملے میں بڑا ایکشن لیتے ہوئے 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔
شوکاز نوٹس اور وضاحت
پی سی بی کے مطابق 27 مارچ 2026 کو نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں مختلف خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی گئی تھی۔ کھلاڑی کی جانب سے جواب موصول ہونے کے بعد معاملہ مزید کارروائی کے لیے آگے بڑھایا گیا۔
ڈسپلنری کمیٹی کا فیصلہ
30 مارچ کو تین رکنی ڈسپلنری کمیٹی نے کیس کی سماعت کی۔ کمیٹی نے نسیم شاہ کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کے باوجود وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، جس پر ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
سوشل میڈیا ایڈوائزر پر ایکشن
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو برطرف کر دیا ہے۔ بورڈ نے بھی اس ایڈوائزر کو بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ آئندہ کسی بھی قومی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔
پی سی بی کا مؤقف
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں
ایف بی آر کے لیے مارچ کا ٹیکس ہدف مشکل، بڑے شارٹ فال کا خدشہ










