نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اہم مشاورتی ملاقات ہوئی۔ اجلاس میں خطے کی تازہ صورتحال، سکیورٹی اور امن و استحکام سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار کی اہم سفارتی ملاقات
پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی بھی موجود تھے۔
خطے کی صورتحال پر گفتگو
ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور دیگر علاقائی و عالمی معاملات پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت اور رابطوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
مذاکرات اور سفارت کاری پر زور
چاروں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے مذاکرات اور سفارتی کوششیں جاری رہنی چاہییں۔ وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
سعودی عرب پر حملوں کی مذمت
ملاقات کے دوران سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی۔ شرکا نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کیلئے حمایت کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کیا۔
یمن کی صورتحال بھی زیر بحث
وزرائے خارجہ نے یمن کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مشترکہ بیان میں یمن کی جائز حکومت اور صدارتی قیادت کونسل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی عمل اور جامع یمنی مکالمے کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دیا گیا۔
فلسطین اور غزہ کا معاملہ
ملاقات میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت بھی دہرائی گئی۔ وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔
سوڈان سے متعلق بھی اتفاق رائے
چاروں ممالک نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی۔ اجلاس میں سوڈان میں ہتھیاروں، کرائے کے جنگجوؤں اور غیر ملکی جنگجوؤں کی غیر قانونی آمد روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
رابطے جاری رکھنے پر اتفاق
ملاقات کے اختتام پر وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ اجتماعی سلامتی اور خطے میں طویل مدتی استحکام کیلئے کوششیں آگے بڑھائی جاسکیں۔
مزید پڑھیں
پشاور میں سی ٹی ڈی کا دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، ایک خودکش بمبار ہلاک











