ویڈیو خطاب میں بڑے دعوے
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ویڈیو خطاب میں دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی 48 اہم شخصیات کو ہلاک کر دیا ہے اور ایرانی ملٹری کمان مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق ایران کی اعلیٰ قیادت کا ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے اور کئی افراد ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی افواج نے اہم عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں حساس تنصیبات اور دفاعی نظام شامل تھے۔
پاسداران انقلاب اور فوج کو انتباہ
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسدارانِ انقلاب) کی تنصیبات، ایرانی فضائی دفاعی نظام، 9 بحری جہاز اور ایرانی بحریہ کی ایک عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاسدارانِ انقلاب، ایرانی فوج اور پولیس ہتھیار ڈال دیں تو انہیں استثنا دیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر انہیں سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔
آپریشن جاری رکھنے کا اعلان
امریکی صدر کے مطابق اہداف کے حصول تک فوجی آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزید امریکی ہلاکتوں کا امکان ہے لیکن امریکا اپنے شہریوں کی ہلاکتوں کا بدلہ لے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور یہ ان کے لیے موقع ہے کہ وہ اپنے ملک کا مستقبل خود طے کریں۔
خطے کے رہنماؤں سے رابطہ
انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کے حوالے سے انہوں نے سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر اور اردن کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی ہے۔ ان کے مطابق جنگ چار ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے اور بعد ازاں ایران میں جمہوری نظام کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
مزید پڑھیں
پہلے ایرانی قوم کو منتقل کرو، آیت اللہ خامنہ ای نے محفوظ مقام پر جانے سے انکار










