مریم نواز نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ۳ کا افتتاح کیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ۳ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران قرعہ اندازی کی گئی اور کامیاب کاشتکاروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
کامیاب کاشتکار کو فون پر مبارکباد
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولپور کے خوش نصیب کاشتکار حمزہ لیاقت کو فون کر کے مبارکباد دی۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا،آپ کی سی ایم مریم نواز بول رہی ہوں، قرعہ اندازی میں آپ کا ٹریکٹر نکل آیا، مبارک ہو۔ اس موقع پر کامیاب کاشتکار نے خوشی کا اظہار کیا۔
زرعی شعبے میں بہتری کی امید
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم کے آغاز سے زرعی منظرنامہ تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے اور زرعی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
درخواستوں اور اعداد و شمار کی تفصیل
صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تیسرے مرحلے کے لیے چار لاکھ ستائیس ہزار پانچ ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل دو مرحلے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں دس ہزار ایکڑ اراضی پر ایک سو چالیس ٹریکٹر دستیاب ہیں، جو دیگر ممالک کے مقابلے میں پچاس فیصد سے بھی کم تناسب بنتا ہے۔
کسانوں کے لیے ریلیف کی ضرورت
حکام کے مطابق ٹریکٹرز کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کے لیے مکمل قیمت پر ٹریکٹر خریدنا مشکل ہو چکا تھا۔ گرین ٹریکٹر پروگرام کا مقصد ایسے کسانوں کو سہولت فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
ہائی بلڈ پریشر دل و دماغ کے لیے خطرہ، کیا احتیاط کریں؟











