تحریک انصاف کی جانب سے آج ڈی چوک پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر، انتظامیہ نے مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی محدود کر دی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے۔
داخلی و خارجی راستے بند
اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت فیض آباد، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ اور مارگلہ روڈ پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کیے گئے ہیں۔ مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت سنگجانی، سیکٹر جی الیون چوک اور گولڑہ موڑ کو بھی بند کیا جا چکا ہے جبکہ ٹیکسلا کے مقام پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ موٹر وے ایم ون سے اسلام آباد کی انٹری اور ایگزٹ بھی محدود کر دی گئی ہے۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس اور تعلیمی ادارے بند
راولپنڈی میں بھی سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی ہے۔ بس سروس صدر سے آئی جے پی روڈ تک بند رہے گی، البتہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو سروس بحال رکھی گئی ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد کے مطابق، اسلام آباد میں احتجاج کے باعث راولپنڈی میں تمام نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔
بچوں کی حفاظت اور اسکولوں کی بندش
اسلام آباد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی آج اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل سیکرٹری وحید خان نے بیان دیا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کنٹینرز کی موجودگی کی وجہ سے طلبا کو گزشتہ روز بھی مشکلات کا سامنا رہا۔