جنوری کے آغاز میں خشک سالی کا خاتمہ
بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے جنوری کے پہلے ہفتے میں طویل خشک سالی کے خاتمے کی نوید سنادی ہے، اور ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جو 06 جنوری تک برقرار رہیں گی۔
مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے ملک کے مغربی اور بالائی حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ مغربی ہوائیں آج سے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی، جو خشک موسم کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔ دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
شمالی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، اور میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی اگلے پانچ روز کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر اور اورکزئی میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
مرکزی اور جنوبی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، سرگودھا، اور میانوالی میں کل سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ اور تونسہ شریف میں بھی کل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
برفباری کی وجہ سے سڑکوں کی بندش کا خطرہ
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران اور کاغان میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں کے مطابق، ملک بھر میں طویل خشک موسم کے بعد بارشوں اور برفباری سے سردیوں کا حقیقی مزہ دوبارہ لوٹ آئے گا، تاہم سرد موسم کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی بندش اور ٹریفک میں مشکلات کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
شدید سردی کی لہر: کیا برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے؟